محمود عباس: صیہونی حکومت پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ
فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ نے صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کے خلاف تحقیقات میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے رام اللہ میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر جنرل کریم خان کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ فلسطینی علاقوں میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والے اسرائیلی حکام کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے جلد از جلد کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ، عام شہریوں خاص طور پر بچوں، عورتوں اور سن رسیدہ افراد کے خلاف جان بوجھ کر جارحیت کا مرتکب ہوا ہے۔ محمود عباس نے کہا کہ ان دنوں غزہ پٹی میں صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کے ساتھ ساتھ، بیت المقدس سمیت مغربی کنارے میں اسرائیل، عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔
بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے پراسیکیوٹر جنرل کو مشرق وسطی کے علاقے میں جاری جنگ کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ تاس نے اعلان کیا ہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیل کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد سے غزہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد سولہ ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے، جن میں ساڑھے چھ ہزار سے زیادہ بچے اور ساڑھے چار ہزار سے زیادہ خواتین شامل ہیں۔