جنوبی غزہ میں فلسطینی مجاہدین اور صیہونیوں کے مابین گھمسان کی لڑائی
غزہ کے مختلف علاقوں پر غاصب اسرائیل کے ہوائی اور توپخانے کے وحشیانہ حملوں میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جنوبی غزہ کے شمالی خان یونس میں واقع القرارہ علاقے میں مزاحمتی فورس اور جارحین کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہو رہی ہے-
غزہ کے مختلف علاقوں منجملہ الشجاعیہ، الزیتون، التفاح، الدرج اور الصبرہ پر جارح صیہونی فوجیوں کی بمباری کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے اور آج صبح شمالی غزہ میں واقع ایک کیمپ ميں وسیع پیمانے پر آگ بھی لگ گئی-
قدس کی غاصب صیہونی حکومت نے اسی طرح شہر خان یونس اور رفح شہر اور دیرالبلح کے سواحلی علاقوں پر بمباری کی ہے- اس غاصب حکومت کے بمبار طیاروں نے غزہ کے مرکزی علاقوں پر بھی متعدد بار بمباری کی ہے- اسی طرح شمالی غزہ میں عارضی پناہ گاہوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ایک پناہ گاہ میں آج صبح وسیع پیمانے پر آگ لگ گئی-
صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں اور توپخانے کے ذریعے وسیع پیمانے پر شمالی غزہ سے جنوبی غزہ تک کے علاقوں پر بمباری کی گئی - اس درمیان مسجدوں اور طبی مراکز کو بھی صیہونی فوجیوں نے نشانہ بنایا اور شہدائے الاقصی ہسپتال کے اطراف کے علاقوں پر شدید حملے کئے ہيں- اسی طرح غزہ کے مرکز میں واقع دیرالبلح میں رہائشی مکانات پر بمباری میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئےہیں –
غزہ کے مرکز میں واقع النصیرات کیمپ میں رہائشی مکانات پر حملے میں اب تک پانچ فلسطینی شہیداور متعدد دیگر زخمی ہوگئے-