امریکہ اور برطانیہ کے یمن کے مختلف علاقوں پر ایک بار پھر فضائی حملے (ویڈیو)
پریس ذرائع نے آج بھی یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت اس ملک کے مختلف علاقوں کو امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے فضائی اور میزائل حملوں سے نشانہ بنائے جانے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمنی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق امریکہ اور برطانیہ نے صنعا کے علاقے بنی حارث کے الدیلمی اور السبعین میں الحفا پر حملہ کیا۔ جنوب مغربی یمن کے صوبے تعز کے مقبنہ کے علاقے البرح کو امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیاروں نے جارحیت کا نشانہ بنایا۔ ایک امریکی عہدیدار نے قطر کے الجزیرہ ٹی وی چینل سے گفتگو میں دعوی کیا ہے کہ یمن میں جن ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ان میں بلسٹک میزائل، ڈرون طیاروں اور ہتھیاروں کے مراکز شامل ہیں۔
یمن کے مختلف علاقوں پر امریکہ اور برطانیہ کے یہ حملے ایسی حالت میں انجام پائے ہیں یمن کی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے یمن پر امریکہ و برطانیہ کی جارحیت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے ٹھکانوں پر یمن کی مسلح افواج کے حملے جاری رہیں گے۔