Feb ۲۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۷ Asia/Tehran
  • یمن کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادی ملکوں کے حملے جاری

امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیاروں نے مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ کو ایک بار پھر جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیاروں نے مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ میں راس عیسی اور الصلیف پر تین بار بمباری کی۔ ابھی ممکنہ نقصانات کے بارے میں رپورٹ کا انتظار ہے۔ اس سے قبل امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیاروں نے چھے ملکوں کی حمایت سے یمن کے آٹھ علاقوں میں اٹھارہ اہداف کو نشانہ بنایا۔ امریکہ اور برطانیہ کے یہ حملے آسٹریلیا، بحرین، کینیڈا، ڈنمارک، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ کی حمایت سے انجام پائے۔ امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، بحرین، کینیڈا، ڈنمارک، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ نے بھی ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ یمن کے آٹھ علاقوں پر کئے جانے والے اس حملے میں مختلف یمنی تنصیبات، ہتھیاروں کے گوداموں، جنگی ہیلی کاپٹر ، میزائل تنصیبات ، یمنی دفاعی فضائی سسٹم، ریڈار اور ایک ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ 

ان حملوں کا مقصد یمن پر دباؤ ڈالنا ہے تاکہ وہ فلسطینیوں کی حمایت میں صیہونی بحری جہازوں کو نشانہ نہ بنائے۔ جبکہ یمن کی مسلح افواج نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ فلسطینی عوام کی کامیابی کے لئے یمنی عوام کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اور اسی طرح یمن پر امریکہ اور برطانیہ کی جارحیت کے جواب میں یمن کی بحریہ نے بحیرہ احمر میں امریکی بحریہ کے جہاز پر بھی ڈرون حملہ کیا۔ واضح رہے کہ یمنی فوج نے حالیہ ہفتوں کے دوران غزہ میں فلسطین کی تحریک استقامت کی حمایت میں بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں صیہونی حکومت کے متعدد بحری جہازوں اور یا مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہ کی طرف جانے والے کئي بحری جہازوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے اور اس طرح کے اپنے حملے جاری رکھنے پر بارہا تاکید بھی کی ہے۔

ٹیگس