غزہ پر اسرائیل کی بربریت کا سلسلہ جاری، مزید کئی فلسطینی شہید
غزہ کے مظلوم عام شہریوں کے خلاف جاری وحشیانہ صیہونی جارحیت میں مزید کئی فلسطینی نہتھے عام شہری شہید و زخمی ہو گئے-
سحرنیوز/ عالم اسلام: تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے منگل کی صبح بھی غزہ میں عام شہریوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس کے جنوب مشرق میں یورپی اسپتال کے اطراف میں واقع رہائشی مکانات پر بمباری کی جس میں کم سے کم بارہ افراد شہید ہو گئے۔
غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ میں النصیرات کیمپ کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا۔ صیہونی فوجیوں نے خان یونس میں حمد کے علاقے پر حملہ کر کے کئی فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا۔ اس سے قبل غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے رفح پر حملہ کر کے کم سے کم سترہ فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا۔
غزہ میں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک صیہونی جارحیت میں تیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور اکہتر ہزار سے زائد دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔