Mar ۳۰, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۷ Asia/Tehran
  • حماس اور جہاد اسلامی کا ایران سے اظہار تشکر

حماس اور جہاد اسلامی نے کہا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے لئے ایران کی بے دریغ حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں، تہران میں حماس اور جہاد اسلامی کے سربراہوں اسماعیل ہنیہ اور زیاد النخالہ کی ملاقات کی خبردی ہے اور کہا ہے کہ فریقین نے غزہ اور علاقے میں رونما ہونے والی صورتحال کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا ہے۔ المیادین چینل کی رپورٹ کےمطابق اس بیان میں کہا گيا ہے کہ دونوں فریق اس بات پر زور دیتے ہیں کہ کسی بھی طرح کے بالواسطہ مذاکرات کی کامیابی، غزہ میں مکمل جارحیت بند کئے جانے، غزہ سے غاصب فوج کے مکمل انخلاء، پناہ گزینوں کی وطن واپسی اور انسان دوستانہ امداد کی ترسیل پر موقوف ہے۔
حماس اور جہاد اسلامی کے سربراہوں نے تہران می‍ں ہونے والی اپنی ملاقات میں اسی طرح فلسطینی عوام کی مزاحمت کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ٹھوس موقف اور حمایت کا شکریہ ادا کیا اور امت مسلمہ سےاپیل کی ہے کہ وہ غاصب صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد کے دائرے کو، ہر ممکن وسیلے سے وسعت دے۔
حماس اور اسلامی جہاد کے رہنماؤں نے اس ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ یمن، عراق اور جنوبی لبنان میں مزاحمتی کارروائیاں، مزاحمتی گروہوں کے درمیان باہمی اتحاد کو ظاہر کرتی ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ فلسطینی عوام غاصبوں کا مقابلہ کرنے میں تنہا نہیں ہیں۔

ٹیگس