حماس: غزہ میں عالمی امدادی ٹیم پر حملے کی مذمت
حماس نے ایک بیان جاری کرکے، غزہ میں خوراک کی تقسیم کے مشن پر کام کرنے والی غیر سرکاری عالمی تنظیم "ورلڈ سینٹرل کچن" کے کارکنوں پر حملے کی مذمت کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حماس نے اپنے بیان میں عالمی برادری اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منفور اقدام کی مذمت کرے اور غزہ میں غاصب اسرائیلی حکومت کے جرائم کا سلسلہ رکوانے کے لئے فوری اقدام کرے۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے منگل کو مرکزی غزہ میں غیر سرکاری عالمی تنظیم " ورلڈ سینٹرل کچن" کے کارکنوں کی گاڑی پر حملہ کردیا تھا جس میں تنظیم کے سات کارکن شہید ہوگئے تھے۔
شہید ہونے والوں میں ایک فلسطینی اور چھے مغربی ملکوں کے شہری تھے۔ورلڈ سینٹرل کچن نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ اسرائيلی فوج کا یہ حملہ صرف ہمارے کارکنوں پر ہی نہیں بلکہ انسانیت کے لئے کام کرنے والی تمام تنظیموں پر حملہ شمار ہوتا ہے۔ غیر سرکاری عالمی تنظیم، "ورلڈ سینٹرل کچن" نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملے میں اس کے سات کارکن مارے گئے جن کا تعلق، آسٹریلیا، پولینڈ اور برطانیہ سے تھا اور ان کے پاس امریکا، کینیڈا اور فلسطین کی نیشنلٹی تھی۔