صیہونی حکومت کے داخلی سلامتی کے وزیر پر حملہ
غزہ جنگ میں ہلاک ہونے والے صیہونی فوجیوں کے گھروالوں نے صیہونی حکومت کے داخلی سلامتی کے وزیر پر حملہ کردیا
سحر نیوز/ دنیا: فلسطینی نیوز ایجنسی سماء کی رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ میں ہلاک ہونے والے صیہونی حکومت کے فوجیوں کے اہل خانہ نے اشدود ميں واقع قبرستان میں اسرائیل کی داخلی سلامتی کے وزیر ایتامار بن گویر پر حملہ کردیا اور انھیں مجرم کہتے ہوئے ان کے خلاف سخت نعرے بازی کی ۔
بن گویر صیہونی کابینہ کے سب سے زیادہ انتہاپسند رکن ہیں جو ملک کے اندر اور باہر سے جنگ بند کرنے اور جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کی مسلسل درخواستوں کے باوجود جنگ جاری رکھنے پر زور دے رہے ہيں۔
صیہونی حکومت کے داخلی سلامتی کے وزیر نے دھمکی دی ہے کہ اگر غزہ جنگ روکی گئی تو وہ کابینہ سے نکل جائيں گے اور اتحادی حکومت گرا دیں گے۔
طوفان الاقصی آپریشن میں صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو کی شکست اور اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہ کرا پانے کے باعث صیہونی حلقوں میں نیتن یاہو کی مقبولیت کافی کم ہوگئی ہے اور سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے ۔