Jul ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • دشمن اسرائیل تھک چکا اور اب اس میں جنگ کرنے کی ہمت نہیں: سید حسن نصراللہ

حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے ایک بار پھر غزہ کے مظلوم عوام کے دفاع اور استقامتی فلسطینی محاذ کی حمایت میں ڈرون اور میزائل حملے جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے الاقصی طوفان آپریشن میں لبنان کی حزب اللہ تحریک کی مشارکت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ الاقصی طوفان آپریشن کے آغاز سے ہم خود کو اس میں شامل ہونے کا پابند سمجھتے تھے اور ہم خود کو اس کا حصہ سمجھتے ہیں۔

انھوں نے کہا  کہ ہمارے مقاصد دن بہ دن پورے ہو رہے ہيں اور دشمن ہر روز تھکتا جا رہا ہے اور صیہونی فوج کے مختلف عہدیدار اس کا اعتراف بھی کر رہے ہيں۔

حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہماری کارروائی دشمن کو شمال میں انگیج رکھے ہوئے ہے اور عملی طور پر ایک ہزار اسرائیلی افسر اور فوجی وہاں رہنے پر مجبور ہیں۔

انھوں نے کہا کہ غزہ کے لئے لبنان سے حمایتی محاذ کا مقصد دشمن کو تھکا دینا اور اسے غزہ پٹی میں جنگ کو اپنے حق میں موڑنے سے روکنا ہے اور آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ دشمن کی فوج حزب اللہ کے خوف کی وجہ سے شمال سے انخلاء کرنے میں ناکام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی جنگ کے ذریعے دشمن کو غزہ کے خلاف جارحیت سے روکنا چاہتے ہیں ۔

حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کو معلوم ہونا چاہیے کہ اگر وہ شمالی محاذ پر جنگ روکنا چاہتی ہے تو اسے غزہ پر جارحیت روکنا ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے بیرونی حامیوں کی بھی سمجھ میں آگیا ہے کہ شمالی محاذ پر جنگ کا خاتمہ، غزہ میں جنگ کے خاتمہ پر منحصر ہے۔

سید حسن نصر اللہ نے مزید کہا کہ معاشی ، عسکری اور سماجی طاقت کے لحاظ سے دشمن کو تباہ و برباد کرنے کے مقاصد حاصل ہوچکے ہیں اور یہی چیز اسے جنگ روکنے پر مجبور کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے اور سات اکتوبر 2023 کے آپریشن طوفان الاقصی کی تحقیقات میں بھی اس کی کئی کمزوریاں واضح ہوئی ہیں۔

حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل نے اپنی تقریر کے ایک اور حصے میں تحریک حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان مصر، قطر اور امریکہ کی ثالثی سے جاری بالواسطہ مذاکرات کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ہم مذاکرات کے نتائج کے منتظر ہیں۔

سید حسن نصر اللہ نے حزب اللہ اور لبنان کے خلاف صیہونی حکام کی دھمکیوں کے بارے میں کہا کہ جو بھی ہمیں حملہ کرنے کی دھمکی دیتا ہے، وہ یہ دیکھ لے کہ رفح جیسے تنگ علاقے میں کیا ہو رہا ہے اور غاصب صیہونی حکومت وہاں کامیاب نہیں ہوسکی ہے ۔

حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل نے اپنے خطاب میں ایرانی صدارتی انتخابات کا ذکر کیا اور نو منتخب صدر "مسعود پزشکیان " کی طرف سے حمایت جاری رکھنے پر مبنی پیغام پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایران کی جانب سے مزاحمتی محاذ کی حمایت جاری رکھنے کے اصولی موقف پر مہر تائید سے تعبیر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں آنے والی مختلف حکومتوں نے مزاحمتی تحریکوں کی حمایت میں ہمیشہ اضافہ کیا ہے اور ایران کے نو منتخب صدر کی جانب سے میرے خط کا جواب اور ان کا مراسلہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے۔

ٹیگس