Jul ۱۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۷ Asia/Tehran
  • ایران سمیت دنیا بھر میں عزاداری کا سلسلہ جاری

ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج نواسہ رسول، شہید کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام کا سوگ اپنے عروج کو پہنچ گیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: جگر گوشۂ رسول فاطمۂ بتول کے لخت جگر حضرت حسین بن علی علیہ السلام کی شہادت کی یاد دلانے والے روز عاشور کی آمد پر آج صرف مسلمان اور شیعہ حضرات ہی نہیں بلکہ مختلف مذاہب و مسالک سے تعلق رکھنے والے حریت پسند انسانیت کے پیشوا حضرت امام حسین علیہ السلام کا سوگ منا رہے ہیں۔ امام حریت و آزادی کے غم میں ڈوبے آج کروڑوں دل اپنی تمام تر بے قراری کے ساتھ راہ حق و حقیقت میں نواسہ رسول کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
  ایران کے سبھی مقدس مقامات بالخصوص مشہد مقدس میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام، قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ، شیراز میں حضرت احمد بن موسیٰ شاہچراغ اور تہران میں حضرت عبد العظیم حسنی کے روضات اقدس سوگواروں کے سیلاب میں غرق ہیں۔ اس کے علاوہ گلی کوچوں، شاہراہوں اور بازاروں میں اہل بیت کے چاہنے والے اپنا سر و سینہ پیٹتے ہوئے مکتب حسینی سے اپنی وابستگی کا اظہار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عراق، پاکستان اور ہندوستان سمیت کئی ممالک میں آج نویں محرم ہے  اور کل بروز بدھ روز عاشور کے بطور منایا جائے گا۔

ٹیگس