عمان میں عزاداروں پر دہشت گردانہ حملہ، چار افراد شہید + ویڈیو
سلطنت عمان کی امام علی مسجد میں مجلس عزا کے دوران دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں کم از کم اب تک چار افراد کے شہید ہونے کی خبر ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: میڈیا ذرائع نے عمانی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ واقعہ دارالحکومت مسقط کے علاقے وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں پیش آیا، جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مسجد کے قریب واقع ایک حسینیہ میں پیش آیا جہاں مجلس عزا جاری تھی اور سات سو سے زائد افراد وہاں موجود تھے۔
بعض ذرائع کے مطابق شہید ہونے والوں کی تعداد پانچ ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد درجنوں میں بتائی جاتی ہے۔
موصولہ خبروں کے مطابق مسجد میں زیادہ تر پاکستانی کمیونٹی کے افراد تھے۔ جائے وقوعہ پر موجود بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ نوحہ خوانی کے دوران مختلف جہات سے عزاداروں پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد وہاں موجود لوگ یاحسین یاحسین کی صداؤں کے ساتھ محفوظ مقام پر پناہ لینے کی کوشش کرنے لگے۔
رپورٹس بتاتی ہیں کہ سیکیورٹی حکام اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم حملہ آوروں کی تعداد اور ہلاکت سے متعلق معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اختیار کیے گئے ہیں، جب کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔