ناوابستہ تحریک کی جانب سے اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت
ناوابستہ تحریک نے تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو قتل کرنے پر مبنی صیہونی حکومت کے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: العالم نیوز پورٹل کے مطابق ناوابستہ تحریک نیم نے تہران میں ناجائز صیہونی ٹولے کےاُس اقدام کی شدید مذمت کی جس میں اُس نے حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو نشانہ بنا کر شہید کر دیا تھا۔ مذکورہ تنظیم نے منگل کے روز ایک بیان جاری کر کے صیہونی اقدام کو ایک دہشتگردانہ اقدام سے تعبیر کیا اور اُسے بین الاقوامی ضابطوں، عالمی قوانین اور ایران کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا۔
بیان میں مزید آیا ہے کہ یہ دہشتگردانہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اسماعیل ہنیہ اسلامی جمہوریہ ایران کی دعوت پر نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے تہران میں موجود تھے۔
اس تحریک نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور خطے کے دیگر ممالک میں سیاسی رہنماؤں، صحافیوں، میڈیا کے ارکان اور خواتین اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کا قتل بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لئے ایک سنگین خطرہ اور غزہ میں ایک مستقل اور پائیدار جنگ بندی کے حصول کے لئے جاری کوششوں کی راہ میں رکاوٹ ہے۔