Aug ۰۸, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
  • ہمیں نیا بنگلہ دیش بنانا ہے، جیل سے رہائی کے بعد بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم کا پہلا بیان

بنگلادیش کی سابق وزیراعظم اور بی این پی کی رہنما خالدہ ضیا نے جیل سے رہائی کے بعد پہلا بیان جاری کردیا ہے جس میں انہوں نے ملک میں امن و خوشحالی کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: بنگہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا نے  جیل سے رہائی کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں بنگلہ دیش کے عوام سے کہا ہے کہ وہ ایسے جمہوری بنگلادیش کی تعمیر کریں جہاں تمام مذاہب کا برابر سے احترام کیا جاتا ہو ان کا کہنا تھا کہ ہم آج ایک فاشسٹ حکومت سے آزادی حاصل کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ میں اس دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
خالدہ ضیا کا کہنا تھا کہ ہمیں اس جیت کے بعد نیا بنگلادیش تعمیر کرنا ہے جہاں طلبہ و نوجوان ہماری امید ہوں۔انہوں نے مذہبی اقلیتوں پر حملوں سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسے جمہوری بنگلادیش کی تعمیر کرنی ہے جہاں تمام مذاہب کی عزت ہو، نوجوان اور طلبہ ایسا ممکن بنائیں گے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایسا بنگلادیش بنانا ہے جہاں امن، ترقی و خوشحالی ہو، جہاں بدلے کی آگ اور نفرت موجود نہ ہو۔
واضح رہے کہ طلبا کے پرتشدد مظاہروں اور بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے بعد پیر کو بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پندرہ سال تک حکومت کرنے کے بعد استعفا دینے پر مجبور ہوئيں اور وہ ہندوستان چلی گئيں اور اطلاعات ہيں کہ وہ اب وہاں سے کسی مغربی ملک جانے کی تیاری کررہی ہیں۔

ٹیگس