Sep ۰۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran

حزب اللہ لبنان نے جمعرا ت کی شام شمالی مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی مراکز پر میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے جمعرات کی شام اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے جنوبی لبنان پر غاصب صیہونی دشمن کے حملوں کے جواب میں، شمالی مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوج کی راموت نفتانی چھاؤنی پر میزائلوں اور خودکش ڈرون طیاروں سے حملے کئے۔ حزب اللہ لبنان نے جمعرات کو شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کی بیت ہلل فوجی چھاؤنی میں السہل بٹالین کے ہیڈکوارٹر پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ اس کے مجاہدین نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے برکہ ریشا فوجی اڈے پر حملہ کرکے اس کے جاسوسی کے آلات کو تباہ کردیا ہے۔یاد رہے کہ سات اکتوبر 2023 کو فلسطینی مزاحمتی محاذ کے آپریشن "طوفان الاقصی" میں اپنی ناقابل تلافی شکست کا بدلہ فلسطینی عوام سے لینے کے لئے غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ حملوں کے آغاز کے ساتھ ہی، حزب اللہ لبنان نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوج کے ایک بڑے حصے کو مصروف رکھنے اور غزہ میں مزاحمتی فلسطینی محاذ پر دباؤ کو کم کرنے کے لیے، کارروائیاں شروع کر دی تھیں۔
مقبوضہ شمالی فلسطین میں حزب اللہ کے حملوں میں غاصب صیہونی فوج کو سنگین جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے اور غیر قانونی صیہونی آباد کاروں کی ایک بڑی تعداد شمالی مقبوضہ فلسطین سے چلی گئی ہے جس کی وجہ سے غیر قانونی صیہونی کالونیاں خالی ہوگئی ہیں اور کچھ کالونیوں میں صیہونی فوجیوں نے اپنے مراکز بنالئے ہیں۔ صیہونی میڈیا کے حوالے سے رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جو تھوڑے بہت صیہونی آباد کار ان کالونیوں میں رہ گئے ہیں وہ دماغی اور نفسیاتی مریض ہوگئے ہیں ۔

ٹیگس