Sep ۰۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۰ Asia/Tehran
  • بنگلہ دیش کی عبوری حکومت شیخ حسینہ کو لوٹانے کی کوشش میں

بنگلادیش کی عبوری حکومت کے مشیر اعلیٰ ڈاکٹر محمد یونس کا کہنا ہے کہ حسینہ واجد کو واپس لانا ہوگا ورنہ بنگلادیش کے لوگ پرسکون نہیں ہو سکیں گے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ہندوستانی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد یونس کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کی حوالگی درخواست تک، حسینہ واجد کو ہندوستان میں خاموش بیٹھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حوالگی کے مطالبے تک ہندوستان حسینہ واجد کو رکھنا چاہتا ہے تو حسینہ واجد کا خاموش رہنا شرط ہے۔ محمد یونس کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد کے ہندوستان میں بیٹھ کر بیان بازی کرنے سے کوئی خوش نہیں ہے اور ان کے ہندوستان سے بنگلادیش پر کیے جانے والے تبصرے غیر دوستانہ ہیں۔ بنگلادیش کے مشیر اعلیٰ نے کہا کہ حسینہ واجد عوامی انقلاب اور ناراضگی کے باعث فرار ہوئیں جبکہ ان کو ہندوستان میں پناہ دی گئی ہے اور وہ وہاں سے مہم چلا رہی ہیں۔
محمد یونس نے کہا کہ حسینہ واجد نے جو مظالم کیے ہیں اس کا بنگلادیش میں سب کے سامنے احتساب ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ بنگلادیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد پر تشدد مظاہروں کے بعد 5 اگست کو ملک چھوڑ کر ہندوستان فرار ہوگئی تھیں۔

ٹیگس