صیہونی فوجیوں نے غرب اردن میں الجزیرہ ٹی وی کا دفتر بند کردیا + ویڈیو
صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر رام اللہ میں الجزیرہ ٹی وی کے دفتر میں گھس کر وہاں موجود ٹیم کے افراد سے فوری طور پر دفتر بند کردینے کا حکم دے دیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: رام اللہ میں الجزیرہ ٹی وی کے دفتر کے منیجر نے اپنے بیان ميں کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے الجزیرہ کے دفتر میں داخل ہو کر اسرائیلی فوج کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ دفتر کو فوری طور پر بند کردیا جائے۔ صیہونی فوجیوں نے کہا کہ اپنے کیمرے اٹھاؤ اور یہاں سے نکل جاؤ۔
رام اللہ میں الجزیرہ ٹی وی کے دفتر کے منیجر ولید العمری نے کہا کہ اس پورے واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے اور اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے کہا کہ آئندہ ڈیڑھ مہینے تک الجزیرہ کا دفتر رام اللہ میں بند رہے گا۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ غرب اردن کے شہر رام اللہ کے المنارہ اسکوائر پر واقع الجزیرہ کے دفتر کو پہلے اسرائیلی فوجیوں نے اپنے محاصرے میں لیا اور اس کے بعد دفتر میں داخل ہو کر دفتر کو بند کردینے کا حکم سنادیا۔
اس سے پہلے صیہونی حکومت تل ابیب میں بھی الجزیرہ کا دفتر بند کر چکی ہے۔