فلسطینی مجاہدین اور غاصب صیہونی فوجیوں میں جھڑپیں 2 صیہونی فوجی ہلاک و زخمی
مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے غزہ کے شمال میں جاری جھڑپوں میں اپنے ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت اور ایک اور کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی فوج نے آج اپنے تازہ ترین اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے شمال میں ایک صیہونی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔ اس ہلاکت کے ساتھ ہی طوفان الاقصی آپریشن میں ہلاک ہونے والے صیہونی فوجیوں کی تعداد سات سو تیس تک جا پہنچی ہے جس میں کئی اعلی صیہونی فوجی افسر بھی شامل ہیں۔
صیہونی فوج نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ غزہ میں ہونے والی زمینی جنگ میں تین سو سینتالیس صیہونی فوجی ہلاک ہوئے ہیں ۔ اس سے قبل کل صیہونی فوج نے اعتراف کیا تھا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران چار ہزار پانچ سو چھہتر فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں چھے سو چھیانوے فوجیوں کی حالت نازک ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ غزہ کی جنگ میں صیہونی فوج اپنا جانی و مالی نقصان چھپانے کی کوشش کرتی رہی ہے۔