عراقی مزاحمت کا مقبوضہ فلسطین کی ایلات بندرگاہ پر ڈرون سےحملہ
عراق کی تحریک اسلامی مزاحمت نے ایک بار پھر مقبوضہ فلسطین کی ایلات بندرگاہ پر تین ڈرون حملے کئے ہیں ۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عراق کی اولیاء الدم نامی مزاحمتی تنظیم نے ایک بیان جاری کر کے اس حملے کی خبر دی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے ایلات علاقے کی ام لرشراش بندرگاہ پر اُس نے تین مقامات کو اپنے ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔
ہفتے کے روز بھی عراقی مزاحمت نے مذکورہ بندرگاہ پر دو ڈرون حملے کئے تھے۔ اس حملے کے بعد عراقی تنظیم نے اپنے جاری کردہ بیان میں واضح کیا تھا کہ فلسطین اور لبنان کی خواتین، بچوں اور بوڑھوں پر صیہونی دہشتگردوں کے بہیمانہ حملوں کے جواب میں یہ کارروائیاں کی گئی ہیں۔
ساتھ ہی بیان میں صیہونی دشمن کو خبردار کیا گیا کہ اس قسم کے حملے مزید شدت کے ساتھ انجام پائیں گے۔
خیال رہے کہ سات اکتوبر کے بعد سے اب تک فلسطین، لبنان اور یمن کے ساتھ ساتھ عراقی مزاحمتی تنظیمیں بھی غاصب صیہونی مفادات کو مسلسل نشانہ بناتی آئی ہیں اور عراق کی سرزمین سے مقبوضہ فلسطین پر اس قسم کے حملے روز کا معمول بن گئے ہیں۔