شام میں نیا فتنہ، دہشت گرد حلب اور ادلب میں شدید جھڑپیں
شام کے شہر حلب میں تحریر الشام کے دہشت گردوں اور شامی فوج کے درمیان شدید جھڑپوں کے دوران کچھ ذرائع ابلاع نے اطلاع دی ہے کہ حلب کے کچھ علاقوں میں تحریر الشام کے دہشت گرد داخل ہو گئے ہيں۔
سحرنیوز/عالم اسلام:تسنیم نیوز ایجنسی نے اپنے رپورٹر کے حوالے سے بتایا ہے کہ تحریر الشام کے دہشت گرد چند منٹ قبل شام کے شہر حلب کے کچھ علاقوں میں داخل ہوئے ہیں اور شہر کے کچھ علاقے اس گروہ کے قبضے میں ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق تحریر الشام کے دہشت گرد حلب کے مغربی حصے سے شہر میں داخل ہوئے ہیں اور حلب کے الجدیدہ، الحمدانیہ، الفرقان اور جمعیت الزہرا (س) کے علاقوں پر قبضہ کر رہے ہیں۔
الجزیرہ نے بھی تحریر الشام کے دہشت گردوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ حلب کے کئی علاقوں پر اس دہشت گرد تنظیم کا قبضہ ہو گیا ہے حالانکہ شامی ذرائع نے اس خبر کی تصدیق نہيں کی ہے اور شامی فوج نے کہا ہے کہ حلب میں شدید جھڑپیں جاری ہيں اور عوام سے کہا ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں کیونکہ دشمن میڈيا بھی پروپگنڈوں کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلا رہا ہے۔