شام میں بشار اسد کی حکومت کا خاتمہ
دمشق پر شامی حکومت کے مخالف مسلح عناصر کے قبضے اور بشار اسد کے شام سے نکل جانے کی خبر ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: العالم نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق شامی حکومت کے مخالف مسلح عناصر نے دارالحکومت دمشق میں داخل ہوکر قومی ریڈیو ٹی وی ادارے کی عمارت پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ العالم نیوز کے مطابق مسلح مخالفین کے دمشق میں داخل ہونے اور حکومت کے دفاعی دستوں کی عدم موجودگی کے بعد دمشق ایئرپورٹ بھی مخالفین کے قبضے میں آگیا اور تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب شام کے صدر بشار اسد کے دمشق سے نامعلوم مقام کی طرف پرواز کر جانے کے بعد، وزیر اعظم محمد الجلالی نے اقتدار کی منتقلی کے مقصد سے ہر لازمی اقدام کی انجام دہی کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔ مسلح مخالفین کے کمانڈر محمد الجولانی نے کہا ہے کہ باضابطہ اقتدار کی حوالگی تک تمام سرکاری ادارات سابق وزیر اعظم کی نگرانی میں کام کرتے رہیں گے۔
ادھر شام کے وزیر اعظم محمد الجلالی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے کہا ہے کہ مجھے امید ہے کہ شام میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، شام پوری شامی قوم کا ہے، شام میرا گھر ہے، اور میں یہیں رہ کر عبوری حکومت کے امور کو آگے بڑھانے میں مدد کرنے کے لئے آمادہ ہوں۔