غرب اردن میں بڑھتی صیہونی جارحیت
فلسطین کے مغربی کنارے میں ہر گزرتے دن کے ساتھ غاصب صیہونی حکومت کی بہیمانہ جارحیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: العالم نیوز کے مطابق صیہونی فوجیوں نے پیر اور منگل کی درمیانی شب غرب اردن کے مختلف علاقوں پر دھاوا بولا، گھروں کی تفتیش کی اور متعدد فلسطینی نوجوانوں کو اغوا کر لے گئے۔ اغوا ہونے والوں میں وہ فلسطینی بھی شامل ہیں جنہیں مدتوں بعد صیہونی عقوبت خانوں سے آزادی ملی تھی۔
صیہونی دہشتگردوں نے منگل کی صبح الخلیل کے جنوب میں واقع الفوار کیمپ پر بھی دھاوا بولا اور گھروں کی تلاشی کے دوران گھروں میں گھس کر توڑپوڑ مچائی۔ الفوار کیمپ پچھلے کئی دنوں سے مسلسل صیہونی جارحیت کےنشانے پر ہے جس کا مقصد کیمپ میں رپائش پذیر فلسطینی تارکین وطن کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنا ہے۔
دوسری جانب صیہونی ہیلی کاپٹروں نے الخلیل کے اوپر کم اونچائی پر پرواز کرتے ہوئے علاقے کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔ غرب اردن کے نابلس شہر میں بھی صیہونی دہشتگردوں نے ایک مسجد اور قبرستان پر حملہ کر کے اُسے تاراج کردیا۔
اطلاعات ہیں کہ امام علی نامی ایک مسجد پر صیہونیوں نے دھاوا بولا، اس میں توڑ پھوڑ کی اور اس کے لاؤڈ اسپیکروں کو اکھاڑ دیا۔ بعض دکانوں اور تجارتی مراکز پر بھی صیہونی دہشتگردوں نے دھاوا بولا اور ان کے سی سی ٹی وی کیمرے اکھاڑ لے گئے۔