فلسطینی دستاویزی فلم کو آسکر ایوارڈ ملنے پر صہیونی وزیر برہم
فلسطینی دستاویزی فلم "No Other Land" کو آسکر ایوارڈ ملنے کے بعد صیہونی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے بارے میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی حکومت کے نام نہاد وزیر ثقافت میکی زوھار نے دعویٰ کیا کہ آسکر ایوارڈ یافتہ فلم " No Other Land" میں اسرائیل کی مسخ شدہ داستان پیش کی گئی ہے۔ صیہونی وزیر کا کہنا تھا کہ No Other Land کو آسکر ایوارڈ ملنا سینما کی تاریخ کا ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ صہیونی وزیر نے دعویٰ کیا کہ حقیقت کی پیچیدگیوں کو پیش کرنے کے بجائے، اس فلم کے تخلیق کاروں نے ایسی داستانیں پیش کی ہیں جو اسرائیل کے چہرے کو مسخ کر رہی ہیں۔ فلسطینی اداکار بازل آدرا کی اداکاری کے ساتھ بننے والی دستاویزی فلم No Other Land میں صیہونی حکومت کے جرائم کی ایک جھلک دکھائی گئی ہے جس میں مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی، فلسطینیوں کے گھروں کی تباہی اور ان کی جگہ پر صیہونی حکومت کے فوجی اڈے قائم کرنے کو بیان کیا گیا ہے۔