Mar ۲۴, ۲۰۲۵ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
  • امریکہ یمن میں عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے: یمنی حکومت

یمن کی حکومت نے امریکہ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ فوجی ٹھکانوں کو ہی نشانہ بنا رہا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  یمن کی حکومت نے کہا ہے کہ امریکہ بے گناہ عام شہریوں کا قتل عام کر رہا ہے تاہم یمنی قوم کسی بھی صورت میں غزہ کی حمایت سے پیچھے نہيں ہٹے گی ۔ یمن کے رہائشی علاقوں پر امریکہ کی جانب سے حملوں اور ان حملوں میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کے جاں بحق ہونے کے بعد یمن کی حکومت نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ امریکہ صنعا میں اپنے جرائم پر جوابدہ ہوگا اسی طرح وہ اس سے پہلے کے بھی یمن میں اپنے تمام جرائم کا ذمہ دار ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے ایک بار پھر اتوار کی رات بھیانک جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے صنعا میں ایک رہائشی علاقے پر بمباری کی جس میں خواتین اور بچوں سمیت دس عام شہری جاں بحق ہو گئے۔ بیان میں زور دیا گيا ہے کہ امریکہ کے اس قسم کے جرائم کسی بھی صورت میں یمن کو اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہيں کر سکتے اور امریکہ کا یہ دعوی کہ اس نے صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے پوری طرح سے جھوٹ اور حملے سے زندہ بچے جانے والوں کی گواہیوں اور حملے کے فوٹیج سے پوری طرح سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ امریکہ، یمن کے بے گناہ شہریوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

یمن کی حکومت کے بیان میں کہا گيا ہے کہ ہمیں اللہ پر بھروسہ رکھتے ہيں اور کسی بھی صورت میں فلسطینی قوم کی حمایت سے پیچھے ہٹنے والے نہيں ہیں اور جیسا کہ سید بدر الدین الحوثی نے زور دیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو ہم لبنان میں بھی لبنانی قوم اور مزاحمت کی حمایت کے لئے تیار ہيں۔ بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ ہم اللہ پر مکمل ایمان کے ساتھ یہ یقین رکھتے ہيں کہ یمن کی قوم اپنی استقامت اور منصفانہ مشن کے پیش نظر امریکی جارحیت کے مقابلے میں فاتح رہے گي۔ واضح رہے امریکہ کی جارحیت کے آغاز کے بعد یمنی فوج نے امریکہ کے طیارہ بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے اور ماہرین کا خیال ہے کہ یمنی صیہونی حکومت کے خلاف حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر سکتے ہيں۔

ٹیگس