بنگلادیش: شیخ حسینہ کے محمد یونس پر سنگین الزامات
بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس پر ملک کو امریکا کے اشارے پر فروخت کردینے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس پر اقتدار میں آنے کے لئے غلط لوگوں کی مدد حاصل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ بقول ان کے دہشت گردوں کی مدد سے حکومت چلارہے ہیں۔ شیخ حسینہ نے کہا کہ ان کے والد، بنگلادیش کے بانی شیخ مجیب الرحمن نے امریکا کو سینٹ مارٹن جزیرہ دینے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے انہیں اپنی جان گنوانی پڑی لیکن محمد یونس نے بقول ان کے ملک امریکا کے ایک اشارے پرفروخت کردیا۔
یاد رہے کہ بنگلادیش میں ملک گیر تحریک کے نتیجے میں حکومت گرنے کے بعد بنگلادیش کے ممتاز دانشور، نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات اور گرامین بینک کے بانی محمد یونس نے بیرون ملک سے آکر چیف ایڈوائزر کی حیثیت سے عبوری حکومت سنبھالی ہے۔ بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ اپنی حکومت گرنے کے بعد ہندوستان چلی گئی تھیں اوروہیں پناہ لے رکھی ہے۔