بنگلادیش میں چیف ایڈوائزر محمد یونس نے اپریل دو ہزار چھبیس میں ملک میں انتخابات کرانے کا اعلان کردیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام:بنگلادیش کی عبوری انتظامیہ کے سربراہ محمد یونس یہ اعلان پہلے ہی کرچکے ہیں کہ ملک میں عام انتخابات دو ہزار چھبیس میں ہوں گے۔
اب انھوں نے یہ اعلان کیا ہے کہ انتخابات اپریل دو ہزار چھبیس کی ابتدائی پندرہ تاریخوں میں کرائے جائیں گے۔
محمد یونس نے انتخابات کی تاریخ نہیں بتائی اور کہا ہے کہ دوہزار چھبیس میں اپریل کے پہلے پندرہ دنوں میں سے کسی بھی دن کرائے جاسکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بنگلادیش میں شیخ حسینہ کی حکومت کے سقوط کے بعد یہ پہلے عام انتخابات ہوں گے۔ شیخ حسینہ کی حکومت طلبا کی ملک گیر تحریک کے نتیجے میں اگست دو ہزار چوبیس میں گرگئی تھی جس کے بعد انھوں نے ہندوستان میں پناہ لی ہے۔
شیخ حسینہ کی حکومت ختم ہونے کے بعد بنگلادیش کی نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصا اور گرامین بینک کے بانی محمد یونس نے بیرون ملک سے آکر عبوری حکومت کی باگ ڈور سنبھالی ہے۔
گزشتہ دنوں بنگلادیش میں بعض سیاسی جماعتوں نے عام انتخابات جلد سے جلد کرانے کے لئے مظاہرے کئے تھے لیکن محمد یونس کا کہنا ہے کہ عام انتخابات سے پہلے بنیادی اصلاحات ضروری ہیں۔