Jul ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۰:۱۸ Asia/Tehran
  • ہر قیمت پر حق کے محاذ کی حمایت جاری رکھیں گے، ایران کا دوٹوک مؤقف

بیروت میں ایران کے سفیر نے لبنان کی بعث سوشلسٹ عوامی پارٹی کی قیادت سے ملاقات کے دوران زور دیکر کہا کہ ایران ہر قیمت پر حق کے محاذ کی حمایت جاری رکھے گا۔

سحرنیوز/عالم اسلام: لبنان کی بعث سوشلسٹ پارٹی کے سربراہ علی حجازی نے کہا کہ ہم ہمیشہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کھڑے رہیں گے کیونکہ تہران امت پر صیہونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں دٹا رہا اور اسی لیے ہم جو بھی حق کے ساتھ کھڑا ہوگا، اس کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات سے انکار کرنا ناممکن ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے گزشتہ برسوں کے دوران امت اسلامیہ کی حقیقی، مستقل اور تسلسل کے ساتھ حمایت کی ہے۔

علی حجازی نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی جنگ کے دوران ہمارا احساس یہ تھا کہ ہم تہران کے ساتھ ایک ہی مورچے پر کھڑے ہیں کیونکہ ایران کے میزائلوں نے ہمارے اعتقاد، امیدوں، تاریخ اور آرزووں کو عملی جامہ پہنایا۔

انہوں نے کہا کہ حالانکہ اس انتخاب کی قیمت بھاری ہے لیکن ہم حق اور باطل کے بیچ حق کی جانب کھڑے رہیں گے اور ظالم اور مظلوم کے مابین مظلوم کے ساتھ کھڑے رہنے کو پسند کریں گے اور دشمن کے جرائم کے مقابلے میں خاموش رہنے کے بجائے ڈٹ کر اس کا مقابلہ کریں گے۔

اس موقع پر لبنان میں ایران کے سفیر مجتبی امینی نے کہا کہ ایران پر صیہونی جارحیت کے دوران، عوامی اور حکومتی سطح دونوں پر تہران کی حمایت کا مشاہدہ کیا لیکن لبنان کی حمایت، مثالی تھی۔

انہوں نے زور دیکر کہا کہ جتنی بھی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے، اسلامی جمہوریہ ایران حق کے محاذ کی حمایت جاری رکھے گا اور کوئی بھی کوتاہی برتی نہیں جائے گی۔

مجتبی امانی نے کہا کہ غزہ، غرب اردن، لبنان اور ایران پر صیہونی حکومت کی جارحیت کا جو مشاہدہ کیا جا رہا ہے، اس کے خلاف ان شاء اللہ ایک عالمی محاذ تشکیل پائے گا، دنیا کے مظلوموں کی کامیابی پر مبنی اللہ تعالی کا وعدہ پورا ہوگا اور ظلم کی بساط ضرور لپیٹی جائے گی۔

ٹیگس