Jul ۱۷, ۲۰۲۵ ۲۰:۳۹ Asia/Tehran
  • عرب ممالک کی دولت فلسطینی عوام کا خون بہانے کے لیے استعمال ہو رہی ہے: انصاراللہ کے سربراہ

انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے زور دیکر کہا ہے کہ غزہ کے عوام پر مظالم، امریکہ کی سیاسی اور فوجی حمایت اور عرب ممالک کی دولت سے جاری ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام:انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی خاتمے کا نام نہیں لے رہی اور دشمن اپنے جرائم کی فہرست روز بروز طویل تر کرتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دشمن نے غزہ کے تمام شہروں اور رہائشی علاقوں کو مسمار کردیا ہے اور غزہ پٹی کے کسی بھی گوشے کو استثنا حاصل نہیں ہے۔

سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ صیہونی دشمن امریکی بموں کو غزہ پر برسا رہا ہے اور یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ غزہ پر برسائے گئے بموں کی تعداد گولیوں سے بھی زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بمباری صیہونیوں کی مالی حمایت کے بغیر ناممکن تھی اور افسوسناک بات یہ ہے کہ عرب ممالک کا شمار فلسطینیوں کے قتل عام کے اہم ترین مالی ذرائع میں ہوتا ہے اور ان ممالک نے امریکی کمپنیوں میں ہزاروں ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرکے، فلسطین میں استعمال ہونے والے بموں کی قیمت ادا کی ہے۔

انصاراللہ کے سربراہ نے عرب حکومتوں کو فلسطینیوں کے خون میں صیہونی حکومت اور امریکہ کا برابر کا شریک قرار دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ غزہ پر جارحیت، ایک امریکی منصوبہ ہے جس پر عملدرامد غاصب حکومت کے حوالے کیا گیا ہے۔

سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ ان حملوں کی ڈیزائننگ، خفیہ معلومات کی ترسیل، فوجی وسائل اور ہتھیار کی فراہمی، سب کے سب امریکہ کے ذریعے انجام پایا ہے اور اسرائیل کو واشنگٹن کی سیاسی حمایت بھی حاصل ہے۔

ٹیگس