Aug ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • عراق، اربعین مارچ میں بڑے حملے کی سازش ناکام، صیہونی حکومت سے ملے ہیں سازش کے تار، زہر دینے کا بھی تھا منصوبہ

کربلا کے گورنر نے اربعین حسینی کے زائرین کو حملے کا نشانہ بنانے کی ایک دہشتگردانہ سازش کو ناکام بنانے کی خبر دی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: کربلا کے گورنر نصیف جاسم خطابی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ شاہین انٹیلیجنس گروپ نے ایک خفیہ انٹیلیجنس آپریشن انجام دیا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ یہ آپریشن ایسے بائيس دہشتگردوں کی گرفتاری پر منتج ہوا جو زائرین حسینی کے راستے میں دھماکہ کرنے ، سیکورٹی اہلکاروں ، حسینی موکبوں کو حملے کا نشانہ بنانے اور زائرین کو مسموم کرنے سمیت مختلف مجرمانہ کارروائیاں انجام دینا چاہتے تھے۔

صوبہ کربلا کے گورنر نے مزید کہا کہ جن دہشتگردانہ اقدامات کو عدالتی و سیکورٹی حکام کے تعاون سے ناکام بنایا گیا ہے ان میں کربلا نجف روڈ پر واقع ایک امامبارگاہ پر حملے کی کوشش بھی ہے۔ 

نصیف جاسم خطابی نے کہا کہ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ تمام ملزمین دہشتگردانہ کارروائیاں انجام دینے کے لئے تیار تھے اور انھوں نے داعش دہشتگرد گروہ سے اپنی وابستگی کا اعتراف بھی کیا ہے۔ 

خطابی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ بعض دہشتگردوں کے رابطے غیرملکی اداروں سے ہے کہا کہ ان میں سے ایک دہشتگرد کا براہ راست تعلق صیہونی حکومت اور صیہونی حکومت کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروہوں سے ہے۔ 

ٹیگس