Sep ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • یمنی فوج کے ترجمان : ہم نے صیہونی حکومت کے خلاف کامیاب ڈرون آپریشن انجام دیا

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقے میں صیہونیوں کے دو اہداف پر ڈرون حملوں کی خبر دی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کے المسیرہ ٹی وی نے مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ السریع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فوج کے ڈرون یونٹ نے چار ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے جنوبی مقبوضہ فلسطین میں دو اہداف کو نشانہ بنایا۔

رپورٹ کے مطابق ان ڈرونز میں سے تین نے ام الرشراش کے علاقے میں واقع رامون ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا جبکہ ایک ڈرون نے نقب نامی علاقے میں ایک فوجی مرکز کا شکار کیا۔

یحییٰ السریع نے آپریشن کو کامیاب قرار دیا ہے۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ کارروائی فلسطینی عوام اور ان کے مجاہدین کی مدد، غزہ پٹی کے باشندوں کی نسل کشی اور فاقہ کشی کو رقم کرنے والے صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف اور یمن پر صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں کی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یمن درحقیقت اپنا مذہبی، اخلاقی اور انسانی فرض ادا کر رہا ہے اور وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی اور اس کی قابل فخر مزاحمت کی حمایت جاری رکھتے ہوئے موجودہ صورتحال میں دشمن کی تمام کوششوں اور سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اپنی ہر ممکن توانائی کو بروئے کار لائے گا۔

یمن کی مسلح افواج نے حالیہ مہینوں میں بارہا اعلان کیا ہے کہ انہوں نے فلسطینی عوام کی حمایت اور امریکی جارحیت کے جواب میں بحیرہ احمر اور بعض دیگر علاقوں میں اہداف پر حملے کیے ہیں۔ صیہونی حکومت کی حمایت اور یمن پر مسلط کردہ بحری ناکہ بندی کو توڑنے کی کوشش میں امریکہ نے یمنی شہریوں پر بارہا حملے کئے ہیں جن میں اب تک درجنوں یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ تاہم تمام تر امریکی، صیہونی اور مغربی جارحیتوں کے باوجود یمن کی مسلح افواج فلسطین اور غزہ کی حمایت کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیںجس کے تحت وہ اب تک مقبوضہ فلسطین میں درجنوں فوجی اہداف، صیہونی حکومت سے وابستہ بحری جہازوں اور یہاں تک کہ بحیرہ احمر اور بحر ہند میں امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنا چکے ہیں۔ 

ٹیگس