صہیونی فوج کی درندگی کا سلسلہ جاری
غزہ ایک بار پھر صہیونی جارحیت کی لپیٹ میں، آج صبح سے جاری حملوں میں 42 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں
سحرنیوز/عالم اسلام: آج صبح سے اب تک صرف غزہ شہر میں بتیس فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر بیالیس افراد شہید ہوئے ہیں-
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کے مطابق غزہ کے جنوب میں واقع شہر رفح کے شمال میں غذائی امداد لینے کے لیے قطار میں کھڑے پانچ فلسطینی صیہونی قابض فوج کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہوگئے ۔
طبی ذرائع نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر صیہونی فوج کے آج کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد اب تک بیالیس ہو گئی ہے۔
ان میں سے بتیس افراد غزہ شہر پر صیہونی فوجیوں کے حملوں میں شہید ہوئے۔المعمدانی ہسپتال کے ایک ذریعے نے اعلان کیا کہ قابض فوج کی طرف سے غزہ شہر کے وسط میں ایک مکان پر بمباری کے نتیجے میں متعدد بچوں سمیت بیس فلسطینی شہید ہو گئے-
دوسری جانب غزہ میں فلسطینی حکومت کے میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی فوج خیمہ بستیوں اور انسانی امداد کی موجودگی کا اشتہار دے کر لوگوں کو زبردستی جنوبی غزہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ یہ خدمات حقیقت میں موجود نہیں ہیں اس کے علاوہ نو لاکھ سے زیادہ لوگ غزہ چھوڑنے کو تیار نہیں۔