آر ایس ایف کے مظالم پر عالمی خاموشی ناقابلِ قبول ہے، سوڈان
سوڈان نے الفاشر کے ظلم و ستم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الفاشر کو دہشت گرد گروہ قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: سوڈانی وزیر خارجہ محی الدین سالم نےشمالی دارفور کے الفاشر اور شمالی کورڈوفان کے بارا میں نیم فوجی دستے آر ایس ایف کی جانب سے جاری مظالم پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی کی مذمت کی ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی سونا کے مطابق، سوڈانی وویرخارجہ نے پورٹ سوڈان میں انٹرنیشنل آرگنائزیشن برائے مائیگریشن کی سربراہ ایمی پوپ سے ملاقات کے دوران الفاشر اور بارا میں آر ایس ایف کی جانب سےکی جارہی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور آرایس ایف کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے لیے مربوط بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
دریں اثناء وزیر نے حکومت کی طرف سے انسانی کاموں میں آسانی اور امدادی عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کی مکمل حمایت کی بھی تصدیق کی ۔
واضح رہے کہ سوڈان کو اپریل دوہزار تیئس سے فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان خونریز تصادم کے باعث انسانی بحران کا سامنا ہے، جس میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔