ترکیہ نے بھی نیتن یاہو کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کردیئے
ترکیہ کے وزیر قانون نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کرد یئے ہیں اور اس سلسلے میں انٹرپول کو درخواست بھیج دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: 'الخلیج' کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔
ترکیہ نے غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا سے متعلق مقدمے میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹس کی کارروائی شروع کردی ہے۔
ترکیہ کے وزیر قانون اکِن گورلیک کے مطابق غزہ جانے والے صمود امدادی قافلے کے کارکنوں کے خلاف بین الاقوامی سمندر میں مبینہ کارروائی کے سلسلے میں استنبول کے 11 ویں ہائی کرمنل کورٹ میں نیتن یاہو سمیت 35 ملزمان کے خلاف مقدمہ زیر سماعت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیتن یاہو اور افیک موسکووچ کے خلاف 14 جولائی 2026 کو مبینہ نسل کشی کے الزام میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد ترک وزارت قانون نے وزارت داخلہ سے دونوں کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹس کے اجرا کی درخواست کی ہے۔ متعلقہ دستاویزات وزارت خارجہ کو بھی بھیج دی گئی ہیں۔
ترک حکام کے مطابق مقدمے میں غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے شہریوں کے خلاف مبینہ مسلح مداخلت اور انہیں حراست میں لینے کے الزامات شامل ہیں۔ مقدمے میں انسانیت کے خلاف جرائم، نسل کشی، تشدد، املاک کو نقصان پہنچانے اور دیگر الزامات بھی درج ہیں۔
یہ کارروائی مئی 2026 میں گلوبل صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کو بین الاقوامی سمندر میں روکنے اور حراست میں لیے جانے سے متعلق مقدمے کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel