Aug ۲۸, ۲۰۱۵ ۱۴:۲۲ Asia/Tehran
  • فلسطینی عوام پر صیہونیوں کی بربریت
    فلسطینی عوام پر صیہونیوں کی بربریت

فلسطین میں انسانی حقوق کے مرکز المیزان نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے غزہ پٹی پر پچاس روزہ حملوں کے دوران جنگی جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی نبا کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے مرکز المیزان نے جمعرات اور جمعے کی درمیان رات ایک رپورٹ میں کہا کہ اسرائیلی حکومت نے اقوام متحدہ کی کمزوری اور خاموشی کی وجہ سے گزشتہ برس غزہ پٹی پر پچاس روزہ حملوں کے دوران بین الاقوامی قوانین اور بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کی۔


 اس رپورٹ میں آیا ہےکہ سنہ دو ہزار چودہ میں غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کی وجہ سے فلسطینی بچے رعب و وحشت اور بہت سی جسمانی اور نفسیاتی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے۔ اس رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی بچوں اور خواتین سمیت عام شہریوں کے حقوق پامال کئے ۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے ان حملوں میں جنگی جرائم کا بھی ارتکاب کیا۔ فلسطین کے المیزان اور انسانی حقوق کے دوسرے اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے پچاس روزہ حملوں کے دوران پانچ سو چھپن بچوں اور دو سو ننانوے خواتین سمیت دو ہزار دو سو انیس فلسطینی شہید ہوئے تھے۔


ان حملوں میں دو ہزار چھ سو سینتالیس بچے اور ایک ہزار چار سو بیالیس خواتین زخمی ہوئیں۔ فلسطین کے انسانی حقوق کے مرکز المیزان کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے دوران اکتیس ہزار نو سو اناسی رہائشی مکانات منہدم ہوئے۔ جن میں سے آٹھ ہزار تین سو اکیاسی مکانات مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔az28082015

ٹیگس