Sep ۰۶, ۲۰۱۵ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی عرب اور امارات کے حملوں میں دسیوں افراد شہید
    یمن پر سعودی عرب اور امارات کے حملوں میں دسیوں افراد شہید

یمن کے دارالحکومت صنعا پر ہفتے کی شام سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے جنگی طیاروں کے حملوں میں دسیوں عام شہری شہید ہوگئے ہیں-

یمنی ذرائع کے مطابق عرب اتحاد کے کم سے کم ساٹھ فوجیوں، جن میں زیادہ تر متحدہ عرب امارات کے فوجی تھے، کی ہلاکت کے ایک دن بعد، ہفتے کی شام ، متحدہ عرب امارات کے لڑاکا طیاروں نے صنعا سمیت یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم پچاس عام شہری شہید ہوگئے- اس بمباری میں سو سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں-

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے بھی اپنی جارحیت جاری رکھتے ہوئے صنعا اور صعدہ کے علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں چوبیس عام شہری شہیو ہوگئے- المسیرہ ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے شبوہ اور البیضا صوبوں کے درمیان ایک شاہراہ پر غذائی اشیا کے کئی ذخیروں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا- ادھر یمن کی وزارت صحت نے ملک کے مختلف علاقوں میں سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملوں کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے-

دوسری طرف یمنی فوج نے متحدہ عرب اتحاد کے ایک فوجی اڈے پر کئے گئے میزائل حملے میں ہلاک ہونے والے متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کی تعداد پچھتر بتائی ہے- یمنی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمن کے صوبہ مآرب میں صافر فوجی اڈے پر ہونے والے حملے میں متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کے علاوہ تقریبا" دس بحرینی اور سعودی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں-

 دریں اثنا سعودی عرب کے الاخباریہ ٹی وی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جمعہ کو صوبہ مآرب میں نام نہاد عرب اتحاد کے فوجی اڈے پر ہونے والے حملے میں متحدہ عرب امارات کے پینتالیس اور بحرین کے پانچ فوجیوں کے علاوہ سعودی عرب کے دس فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں-

 اس سے پہلے متحدہ عرب امارات کی حکومت نے جمعہ کو یمن کے صوبہ مآرب میں اتحادی فوج کے ایک اڈے پر یمنی فوج اور عوامی فورس کے میزائل حملے میں اپنے پینتالیس فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں تین دن کے عام سوگ کا اعلان کیا تھا-

ٹیگس