صیہونیوں کے ہاتھوں دسیوں فلسطینی خاندان بے گھر
Sep ۰۶, ۲۰۱۵ ۰۹:۱۳ Asia/Tehran
-
صیہونیوں کے ہاتھوں دسیوں فلسطینی خاندان بے گھر
صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے مکانات ڈھائے جانے کا سلسلہ بڑھنے کے نتیجے میں مزید دسیوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں-
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اریج نامی تحقیقاتی مرکز نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ ایک مہینے سے بیت المقدس اور غرب اردن میں فلسطینیوں کے گھروں اور تنصیبات کو منہدم کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جس کے باعث دسیوں فلسطینی خاندان بے گھر ہو گئے ہیں-اریج تحقیقاتی سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے گذشتہ مہینے فلسطینیوں کے ایک سو اٹھائیس مکانات منہدم اور ان کی املاک تباہ کر دی ہیں۔ دیگر ساٹھ مکانات کو منہدم کرنے کے لئے ان کے مالکین کو نوٹس دے دیا ہے جبکہ انتہاپسند صیہونی آبادکاروں نے ستر مرتبہ فلسطینیوں پر حملہ کیا ہے-
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں اور صیہونی آبادکاروں نے گذشتہ مہینے نابلس ، بیت لحم اور دیگر علاقوں میں فلسطینیوں کے زیتون کے ایک سو تیس درخت کاٹ کر انھیں نذر آتش کر دیا - اریج تحقیقاتی سینٹر کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے غزہ پٹی میں فلسطینی ماہی گیروں اور کسانوں پر بھی بارہا فائرنگ کی ہے۔