Sep ۱۱, ۲۰۱۵ ۱۳:۱۷ Asia/Tehran
  • مصر کے دار الافتاء کی عمارت (فائل فوٹو)
    مصر کے دار الافتاء کی عمارت (فائل فوٹو)

مصر کے دارالافتا نے کہا ہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش رائے عامہ کو فریب دینے کے لئے قرآن کریم کی آیات سے غلط استدلال کرتے ہوئے اپنے جرائم اور مظالم کو جائز قرار دینے کی کوشش کررہا ہے۔

المصری الیوم ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مصر کے دارالافتا نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش اپنے مظالم اور جرائم کو جائز ظاہر کرنے کے لئے قرآن کریم کی آیات سے غلط استدلال کرتا ہے اور اس گروہ کا یہ اقدام حقیقی اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔


 مصر کے دارالافتا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جوانوں اور نوجوانوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے لیے دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کا ایک حربہ یہ ہے کہ وہ خود کو دین اسلام کا پابند اور اسلامی احکام پر عمل کرنے والا ظاہر کرتے ہیں۔

مصر کے دارالافتا کے بیان کے مطابق دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر اپنے پیغامات میں رافضی، صفوی، محلد اور صلیبی وغیرہ جیسے الفاظ استعمال کر کے مختلف ملکوں اور علاقوں کے لوگوں میں اختلافات اور فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔


مصر کے دارالافتا کے بیان میں مزید آیا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش یورپی حکام کو مخاطب قرار دیتے ہوئے نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں حالانکہ پیغمبر اکرم ص اپنے زمانے کے بادشاہوں اور حکمرانوں کے نام خطوط میں احترام پر مبنی الفاظ استعمال کرتے تھے۔

ٹیگس