Sep ۱۲, ۲۰۱۵ ۰۷:۳۲ Asia/Tehran
  • مکہ مکرمہ میں کرین کے حادثے کے بعد کا منظر(اسکرین گریب)
    مکہ مکرمہ میں کرین کے حادثے کے بعد کا منظر(اسکرین گریب)

مکہ مکرمہ میں کرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک سو سات ہوگئی ہے۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز سعودی حکام نے اعلان کیا ہے کہ بیت الحرام میں ایک کرین کے گرنے کے نتیجے میں ایک سو سات زائر جاں بحق اور دوسو اڑتیس زخمی ہوگئے-

اس سے قبل جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ستاسی اور زخمیوں کی تعداد ایک سواسی بتائی گئی تھی- یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی شام پانچ بج کر دس منٹ پر پیش آیا اور حادثے کی جگہ پر بیس سے تیس ہزار کے قریب عازمین حج موجود تھے۔ اس حادثے کے وقت مکہ مکرمہ میں تیز آندھی اور طوفانی بارش ہو رہی تھی-
 پریس ٹی وی کے مطابق ایران کے محکمہ حج و اوقاف نے بتایا ہے کہ مکہ مکرمہ میں پیش آنے والے حادثے میں ایک ایرانی جاں بحق اور کم سے کم پچیس زخمی ہوئے ہیں۔ مکہ میں پاکستان کے قونصل خانے نے بتایا کہ حادثے میں پندرہ پاکستانی بھی زخمی ہوئے۔ پاکستان کے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے مکہ مکرمہ میں کرین حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
 مکہ مکرمہ میں یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے کہ جب پوری دنیا سے ہزاروں مسلمان، مناسک حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔

ٹیگس