امن کے لیے صیہونی قبضے کا خاتمہ ضروری ہے: صائب عریقات
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۰۹:۱۴ Asia/Tehran
-
تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سیکریٹری صائب عریقات
تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن صیہونی حکومت کے قبضے کے خاتمے کی صورت میں ہی ممکن ہے۔
فلسطین الیوم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سیکریٹری صائب عریقات نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے قبضے کے خاتمے اور بیت المقدس کے دارالحکومت والی آزاد فلسطینی ریاست کی تشکیل کے ذریعے ہی خطے میں امن قائم کیا جا سکتا ہے۔صائب عریقات کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں فلسطینی پرچم لہرانے کے حق میں دنیا کے ممالک کا فیصلہ خطے میں امن و استحکام کے پیغام کا حامل ہے۔ صائب عریقات کا مزید کہنا تھا کہ دنیا صیہونی قبضے کے خاتمے اور فلسطین کی آزادی کی خواہاں ہے اور صیہونی بستیوں کے انہدام کی آواز ابھی سے سنائی دینے لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کے قبضے کا خاتمہ ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے اور آزادی، خود مختاری اور امن کی خوشخبری ابھی سے ملنے لگی ہے۔ تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سیکریٹری صائب عریقات نے کہا کہ یورپی یونین کے تمام رکن ممالک بیت المقدس کے دارالحکومت والی آزاد فلسطینی ریاست کی تشکیل کے حق میں ہیں اور کسی بھی ملک نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں فلسطین کا پرچم لہرائے جانے کی مخالفت نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے جمعرات کے دن اس تنظیم کے ہیڈکوارٹر میں فلسطین کا پرچم لہرائے جانے پر مبنی خود مختار فلسطینی انتظامیہ کی درخواست سے اتفاق کیا تھا۔ اقوام متحدہ کے رکن کل ایک سو ترانوے ممالک میں سے ایک سو انیس ممالک نے اس درخواست کے حق میں فیصلہ دیا تھا جبکہ امریکہ اور صیہونی حکومت سمیت چند ملکوں نے مخالفت میں ووٹ دیے تھے۔