بحرین کی حکومت نے شیخ علی الجد حفصی کو دوبارہ گرفتار کر لیا
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
بحرین کی شاہی حکومت کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے ممتاز شیعہ عالم دین شیخ علی الجد حفصی کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔
بحرین کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے اس ملک کے ممتاز شیعہ عالم دین شیخ علی الجد حفصی کو حکومت مخالف مظاہرے میں شرکت کے الزام میں دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔شیخ علی الجد حفصی نے جزیرہ سترہ میں حکومت مخالف مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شاہی حکومت پر کڑی نکتہ چینی کی تھی- بحرین کی حکومت نے اس سے پہلے بھی آمریت مخالف عالم دین شیخ علی الجد حفصی کو گرفتار کیا تھا لیکن عوامی احتجاج کے باعث انہیں رہا کرنے پر مجبور ہوگئی تھی۔
کہاجارہا ہے کہ شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے ان کو گرفتار کرنے کے بعد علاقائی تھانے بھیج دیا اور پھر جسمانی حالت بگڑنے کی وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ موصولہ رپورٹوں کے مطابق شیخ علی الجد حفصی کی بیٹی اور نواسے کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بحرینی عوام سنہ دو ہزار گیارہ سے شاہی حکومت کے خلاف پر امن احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ ملک میں سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پرامن مظاہرین کے خلاف بحرین کی شاہی حکومت کے پر تشدد اقدامات کے نتیجے میں اب تک دسیوں افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ سیکڑوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں بند کردیا گیاہے۔ دسیوں افراد کو پرامن مظاہروں میں شرکت اور جمہوری حقوق کی بالادستی کا مطالبہ کرنے کے جرم میں قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔