شام اور مصر سفارتی تعلقات کی بحالی پر متفق
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۷ Asia/Tehran
خبری ذرائع نے کہا ہے کہ شام اور مصر نے گذشتہ دو برسوں سے منقطع اپنے سفارتی تعلقات دوبارہ بحال کرنے پر اتفاق کرلیا ہے-
روزنامہ ڈیلی اسٹار کے مطابق مصر اور شام نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اپنے سفارتی تعلقات اور داعش دہشت گردوں سے مقابلے کے لئے سیکورٹی کی سطح پر اپنے مشترکہ تعاون کو دوبارہ بحال کریں-شام کے صدر بشار اسد نے ایک ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ دمشق قاہرہ کے ساتھ اپنے سفارتی روابط پھر سے بحال کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان سیکورٹی حکام کی سطح پر براہ راست مذاکرات کا امکان ہے-
اطلاعات ہیں کہ شام کی قومی سلامتی کے دفتر کے سربراہ علی مملوک قاہرہ گئے ہیں تاکہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کریں-
واضح رہے کہ مصر کے معزول صدر محمد مرسی نے دو ہزار گیارہ میں شام کے ساتھ اپنے روابط منقطع کرلئے تھے اور قاہرہ میں شام کا سفارتخانہ بند کرکے مصر کے سیاسی اور سفارتی وفود کو دمشق سے بلالیا تھا-