Sep ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۰:۰۸ Asia/Tehran
  • مصری سیکورٹی فورس نےسیاحوں کی بس پر فائرنگ کردی
    مصری سیکورٹی فورس نےسیاحوں کی بس پر فائرنگ کردی

مصر کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے ملک کے سیاحتی علاقے مغربی صحرا میں غلطی سے سیاحوں کی بس پر حملہ کر کے بارہ سیاحوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

مصر کی وزارت داخلہ نے پیر کے دن کہا ہے کہ اس ملک کی سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے انسداد دہشت گردی کی ایک کارروائی میں غلطی سے بارہ سیاحوں کو دہشت گرد سمجھ کر ہلاک کر دیا ہے۔

ہلاک ہونے والے سیاحوں میں میکسیکو کے دو شہری بھی شامل ہیں۔ اس حملے میں مصر اور میکسیکو کے متعدد شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مصر کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم قائم کر دی گئی ہے۔
اس واقعے کے بعد میکسیکو کے صدر نے مصر کی حکومت سے جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ میکسیکو کے صدر انریکو پینا نیتو نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ میں لکھا ہے کہ میکسیکو اپنے شہریوں کے خلاف اس طرح کے اقدامات کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ مصر کی حکومت سے واقعے کی جامع تحقیقات کا خواہاں ہے۔
ابھی تک واضح نہیں ہوا ہے کہ اس حملے میں میکسیکو کے کتنے شہریوں کو گولیاں لگی ہیں۔ لیکن اس ملک کی وزارت خارجہ نے ابھی تک اپنے ملک کے دو شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ یہ واقعہ ایسی حالت میں پیش آیا ہے کہ جب مصر سے شائع ہونے والے اخبار الاہرام نے اتوار کے دن مغربی صحرا میں سیکورٹی فورس کے اہلکاروں اور مشتبہ دہشت گردوں کے درمیان لڑائی کی خبر دی تھی۔
اس اخبار نے ایک سیکورٹی اہلکار کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس حملے میں سات دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ داعش سے وابستہ ایک دہشت گرد گروہ نے اتوار کے دن کہا کہ اس نے مغربی صحرا میں مصری فوج کا ایک حملہ ناکام بنا دیا ہے۔

ٹیگس