صیہونی فوجیوں کا مسجد الاقصی پر حملہ
Sep ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۴:۵۲ Asia/Tehran
دو سو صیہونی فوجیوں نے مسجد الاقصی میں فلسطینیوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
فلسطین الیوم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے پیر کے دن بھی مسجد الاقصی پر حملہ کیا اور اس کے جنوبی حصے میں واقع مسجد القبلی پر قبضہ کر لیا۔رپورٹوں کے مطابق پیر کے دن فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے اور دسیوں فلسطینیوں کو صیہونی فوجیوں نے گرفتار کر لیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے اتوار کے دن بھی مسجد الاقصی پر حملہ کیا تھا جس کے بعد فلسطینیوں کے ساتھ ان کی جھڑپ ہوگئی تھی۔
صیہونی فوجیوں نے فلسطینی نمازیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے شیل پھینکے جس کے نتیجے میں تین فلسطینی زخمی ہوگئے۔
اس حملے کی وجہ سے بہت سے ممالک میں اشتعال پیدا ہوگیا ہے اور اردن نے اسرائیل پر اشتعال پھیلانے اور موجودہ صورتحال کو بدلنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ دریں اثنا فلسطین کی محدود خود مختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس اور مصر نے مسجد الاقصی پر صیہونی فوجیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں کے مقدس مقامات کے خلاف جارحیت کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اتوار کے دن صبح کے وقت فلسطینیوں کے ساتھ لڑائی کے بعد اپنے بہت سے فوجی بیت المقدس میں تعینات کر دیے جس کے بعد بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع العیساویہ نامی دیہات میں فلسطینی جوانوں کے ساتھ جھڑپ میں دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔
اتوار کے دن اسرائیلی وزیر کاشت کاری اور ایک سو بیس صیہونی آبادکار مسجد الاقصی میں داخل ہوگئے تھے۔ اسرائیلی فوجی ان افراد کو سیکورٹی فراہم کرنے کی غرض سے مسجد الاقصی کی چھت پر چڑھ کر مسجدالاقصی میں داخلے کے تمام راستے بند کردیے تھے ۔ ان کے اس اشتعال آمیز اقدام کے بعد جھڑپیں شروع ہوئی تھیں جو آج بھی جاری رہیں۔