بحران یمن کے سیاسی اور پائیدار حل کی امید کا اظہار
Sep ۱۵, ۲۰۱۵ ۰۷:۰۶ Asia/Tehran
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے بحران یمن کے سیاسی اور پائیدار حل کی امید کا اظہار کیا ہے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ایک سو چوالیس ویں اجلاس میں کہا ہے کہ ان کو امید ہے کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں کی جانے والی کوششوں کے نتیجے میں یمن کا بحران سیاسی طریقے سے حل اور اس ملک میں پائیدار امن قائم ہو جائے گا۔نبیل العربی نے اس کے ساتھ ساتھ یمن کی بنیادی تنصیبات کی تباہی اور ہزاروں عام شہریوں کی شہادت پر منتج ہونے والی سعودی عرب کی فوجی جارحیت کی بھی حمایت کی۔
واضح رہے کہ عرب لیگ کا اجلاس اتوار کے دن سے شروع ہوا ہے جس کا مقصد یمن، شام ، لیبیا، فلسطین اور لبنان سمیت خطے کے اہم حالات کا جائزہ لینا ہے۔