خطیب مسجد الاقصی کی عرب ملکوں پر تنقید
Sep ۱۷, ۲۰۱۵ ۲۱:۰۹ Asia/Tehran
مسجدالاقصی کے خطیب نے قبلہ اول کے خلاف صیہونی حکومت کے حملوں کے مقابل کمزور موقف اپنانے پر عرب ملکوں پر تنقید کی ہے۔
تسنیم نیوز کے مطابق شیخ عکرمہ صبری نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ مسجدالاقصی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے خلاف محدود خود مختار فلسطینی انتظامیہ اور عرب لیگ کا موقف کمزور ہے۔شیخ عکرمہ صبری نے مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے مقابل فلسطین کی محدود خود مختار انتظامیہ اور عرب لیگ کے موقف کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر عرب اور فلسطینی متحدہ اور ٹھوس موقف اپناتے تو یہ حملے رک گئے ہوتے۔ واضح رہے کہ پانچ دنوں سے انتہاپسند صیہونی مسجد الاقصی پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں۔ صیہونی فوج اور انتہا پسند آباد کاروں کے حملوں میں سو سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں جبکہ متعدد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔