Sep ۳۰, ۲۰۱۵ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • ماسکوکی جانب سے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درامد کی کوششیں
    ماسکوکی جانب سے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درامد کی کوششیں

روس کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو، ایران اور پانچ جمع ایک کے ایٹمی معاہدے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درامد اور ایران کے ایٹمی معاملے کو حل کرنے کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لارہا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ نیویارک میں ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے وزرا خارجہ کا اجلاس ہوا ہے اور اس اجلاس میں یورپی یونین میں خارجہ شعبہ کی سربراہ فڈریکا موگرینی نے بھی شرکت کی۔

 اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اجلاس پیر کے دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوا اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ تمام فریق ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد اور اس کی پابندی کرنے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ اب جامع مشترکہ ایکشن پلان کے تحت حاصل شدہ سمجھوتوں پر عمل درآمد اور ان کوششوں کو پائدار بنانے کی فضا فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے وزار خارجہ کے نیویارک اجلاس میں روس کے وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا ہے کہ روس مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے ضروری حالات پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کررہا ہے۔

اس اجلاس کے بعد یورپی یونین میں خارجہ پالیسی شعبے کی سربراہ فڈریکا موگرینی نے بھی کہا کہ یورپی یونین ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے کے وعدے پر قائم ہے۔ انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کو اگلے کسی بھی اقدام سے پہلے ایٹمی معاہدے کے بارے میں ایران کی پارلیمنٹ کے فیصلے کا انتظار رہے گا۔

ٹیگس