فتح قریب ہے، مجاہدین صبر و استقامت سے کام لیں، آیت اللہ العظمی سیستانی
عراق کےجید عالم دین اور مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی نے عراقی مجاہدین کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ حتمی کامیابی قریب ہے۔
عراقی ذرائع کے مطابق آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے نمائندے سید مکی الصافی نے شمالی صوبے صلاح الدین کے شہر بیجی اور دیگر آزاد شدہ علاقوں کے دورے کے موقع پر عراقی فوج اور مجاہدین کو آپ کا یہ پیغام پہنچایا ہے کہ صبر و استقامت سے کام لیں اور عام لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں ۔
آیت اللہ العظی سید علی سیستانی نے اپنے پیغام میں عراقی مجاہدن کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ آپس میں برادارانہ تعلقات کو محفوظ رکھیں تاکہ عوامی رضاکار فورس کے مختلف دھڑے آپس میں متحد رہیں اور یقین رکھیں کہ حتمی کامیابی جلد آپ کے قدم چومے گی۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے بدھ کے روز شروع کی جانے والی ایک کارروائی کے دوران صوبہ صلاح الدین کے شہر بیجی کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔ آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے نمائندے نے یہ بات زور دیکر کہی کہ بیجی شہر کی آزادی میں عوامی ضاکارفورس،خاص طور سے اس فورس کے حضرت علی اکبر ڈویژن نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ عراقی فوج اورعوامی رضاکار فورس کی شاندار کامیابی پر داعش کے دہشتگرد ہکا بکا رہ گئے ہیں اور شمالی صلاح الدین کے علاقے شرقاط سے فرار ہوتے وقت انکے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق عراقی سیکورٹی فورس نے شمالی تکریت کے علاقے صینیہ کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرالیا ہے اور حدیثہ ، تکریت اور موصل کو ملانے والی مرکزی شاہراہ بھی عراقی مجاہدین کے کنٹرول میں آگئی ہے۔
رمادی سے ملنے والی خبروں کے مطابق عراقی سیکورٹی دستوں نے حی التامیم کے علاقے میں حملہ کرکے داعش کے درجنوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ داعش کے دہشت گردوں نے جولائی دوہزار چودہ میں عراق پر حملے کا آغاز اور اس ملک کے بعض شمالی اور مغربی علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا۔ عراق فوج نے عوامی رضاکارفورس کے تعاون سے ملک کے بیشتر علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔