Oct ۲۶, ۲۰۱۵ ۲۱:۱۹ Asia/Tehran
  • عمان کے وزیر خارجہ کی شام کے صدر سے ملاقات
    عمان کے وزیر خارجہ کی شام کے صدر سے ملاقات

شام کے صدر بشار اسد نے ایک بار پھر اس بات پر تاکید کی ہے کہ شام کے بحران کے پرامن سیاسی حل کے لئے دہشت گردوں کو ختم کرنا ضروری ہے۔

شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کے مطابق پیر کو دمشق میں عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے صدر بشار اسد سے ملاقات کی ۔


صدر بشار اسد نے اس ملاقات میں کہا کہ شام میں دہشت گردوں کی نابودی، بحران کے حل کے لئے سیاسی عمل کے آغاز میں موثر واقع ہوگی۔ انھوں نے شام کے بحران کے تعلق سے مسقط کے موقف کو قابل تعریف بتایا اور شام کے عوام کی مدد کے لئے عمان کی صادقانہ کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ مسقط کی کوششیں دہشت گردوں کے مقابلے میں شام کے عوام کے دفاع اور اس ملک کی ارضی سالمیت کے تحفظ کے حق میں ہیں ۔


عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے اس ملاقات میں کہا کہ ان کا ملک شام میں امن واستحکام اور اس کی ارضی سالمیت کا تحفظ چاہتا ہے اور شام کے بحران کے پر امن حل کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔


عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی پیر کو سرکاری دورے پر دمشق پہنچے۔ انھوں نے اپنے اس دورے میں ، صدر بشاراسد سے، اپنے شامی ہم منصب اور دیگر اعلی سرکاری عہدیداروں سے بھی ملاقات کی ۔


دوسری طرف فرانس کے سابق وزیر اعظم دومینک دی ولپاں نے کہا ہے کہ شام کے بحران کو صدر بشار اسد کے تعاون کے بغیر حل نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے رشا ٹوڈے سے گفتگو میں کہا ہے کہ امریکا اور یورپی یونین بشار اسد کے تعاون کے بغیر شام کے بحران کو حل نہیں کرسکتے ۔


انھوں نے شام کے بحران کے حل کے لئے فوجی طریقے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ شام کے بحران کو صرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔

ٹیگس