تحریک انصار اللہ نے اقوام متحدہ کی لاتعلقی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ کے ترجمان نے مسقط معاہدے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی لاتعلقی پر نفرت و بیزاری کا اظہار کیا ہے۔
تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے المسیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے کے نام ایک خط ارسال کرنے کی خبر دے کر کہا ہے کہ تحریک انصار اللہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے کے نام خط میں عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے والے معاہدے کے سلسلے میں ان کی لاتعلقی پر نفرت و بیزاری کا اظہار کیا ہے-
محمد عبدالسلام نے مزید کہا کہ اس خط میں تحریک انصار اللہ کے دائمی موقف پر ثابت قدم رہنے کا اعلان کیا گیا ہے- دوسری جانب المسیرہ ٹی وی نے صوبہ صعدہ کے حیدان علاقے میں سعودی لڑاکا طیاروں کی بمباری اور اس علاقے کے واحد اسپتال کو پوری طرح تباہ کردیئے جانے کی خبر دی ہے-
المسیرہ ٹی وی نے جنوبی سعودی عرب کے عسیر علاقے میں ملطہ مرکز اور علب گذرگاہ پر یمنی فوج کے میزائلی حملے میں کچھ جارح سعودی فوجیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی بھی خبر دی ہے-
یمنی فوج کی میزائلی کمان اور عوامی رضاکار فورس نے نجران علاقے میں تعینات سعودی فوج کے توپخانوں کو بھی تہس نہس کر دیا ہے-