یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جارحیتوں کی مذمت کا سلسلہ جاری
Nov ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
-
یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جارحیتوں کی مذمت کا سلسلہ جاری
یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیتوں کی مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے-
یمن کی الکرامہ پارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کے مختلف رہائشی علاقوں پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے ہوائی حملے جنگی جرائم ہیں -اس بیان میں آل سعود کےہاتھوں عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی پامالی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یمن کی الکرامہ پارٹی سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو یمن میں عام شہریوں کے قتل عام کاذمہ دار سمجھتی ہے اور مطالبہ کرتی ہےکہ سعودی حکام کے خلاف عالمی عدالتوں میں مقدمہ چلایا جائے -
یمن کی مذکورہ پارٹی نے اپنے بیان میں اس بات کا بھی مطالبہ کیاہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے ہاتھوں جس بڑے پیمانے پر یمن میں جنگی جرائم کاارتکاب کیا جارہاہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں - یمن کی الکرامہ پارٹی نے اقوام متحدہ اوردیگرعالمی اداروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سعودی عرب کو اپنے حملے فوری طور پر بند کرنے پر مجبور کریں اور یمن کا زمینی ہوائی اور سمندری محاصرہ ختم کرائیں -
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی نے بھی سعودی عرب کے جرائم کے مقابلے میں اقوام متحدہ اور عالمی ذرائع ابلاغ کی چشم پوشی اور خاموشی کی مذمت کی ہے - یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے یمن میں انسان دوستانہ امور سے متعلق اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹرپاؤلو لیموسے ملاقات میں کہاکہ یمن کے عوام سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی اور بے حسی کے سبب سے اس ادارے سے مایوس اور اس سے سخت ناراض ہیں -
یمنی انقلا ب کی اعلی کمیٹی کے سربراہ نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے ہوائی حملوں اور یمن کا ہر طرف سے محاصرہ ہوجانے کے نتیجے میں عام شہریوں کی انتہائی افسوسناک صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ ان حملوں نے عام لوگوں کی زندگیوں کو بحرانی اور انتہائی سخت بنادیا ہے -
یمنی عوام کی انقلابی تحریک کےرہنما نے کہاکہ شمالی صوبے صعدہ میں ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم کے اسپتال پر حملہ آل سعود اور اس کےاتحادیوں کے ہاتھوں تمام عالمی قوانین اور انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے- انہوں نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولدالشیخ سے یمنی عوام کی ناراضگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اسماعیل ولد الشیخ اس وقت یمن پر حملہ کرنے والی قوتوں کے ترجمان بن گئے ہیں اور وہ سعودی عرب کے منصوبوں کی تکمیل پرکام کررہے ہیں -
یمنی انقلاب کی اعلی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ یمن کےبحران کے حل کے لئے ضروری ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی شرکت سے ایک حکومت قائم ہو جو عام انتخابات کرائے اورسرانجام ملک میں جمہوریت پروان چڑھے - یمن میں انسان دوستانہ امورسے متعلق اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹرپاؤلو لیمو نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ وہ یمن کو ہر طرح کی انسان دوستانہ امداد دینے کے لئےتیار ہیں انہوں نے ساتھ ہی یمن کے عوام پر سعودی عرب کے انسانیت سوز مظالم اور وحشیانہ حملوں پر افسوس کا اظہار کیا -
سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں اور اقدامات کے مقابلے میں اقوام متحدہ کی معذرت خواہانہ روش کو جاری رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ترجمان نے صعدہ میں ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم کے اسپتال پر حملے کی ذمہ داری سعودی عرب پرعائد کرنے کے باجود کہا ہے کہ اقوام متحدہ اس سلسلے میں کسی طرح کی تحقیقات انجام دینے کا ارادہ نہیں رکھتی -
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے کہاکہ اگرچہ اس حملے کا ذمہ دار سعودی عرب ہے لیکن اقوام متحدہ اس سلسلے میں تحقیقات انجام نہیں دے گی کیونکہ اس قسم کی تحقیقات کے لئےاس کے پاس ضروری وسائل نہیں ہیں اور نہ ہی اس کے پاس افرادی قوت ہے جسے وہ وہاں روانہ کرے -