روسی پروازیں منسوخ، مصر میں ہزاروں روسی سیاح پھنس گئے
Nov ۰۷, ۲۰۱۵ ۱۹:۳۳ Asia/Tehran
مسافر طیارے کے حالیہ حادثے کے بعد ہزاروں روسی سیاح مصر میں پھنس گئے ہیں۔
ہمارے نمائندے کے مطابق روس کے محکمہ سیاحت کے سربراہ اولیگ سفانوف نے سنیچر کو اعلان کیا کہ مصر کے صحرائے سینا میں ایک مسافر طیارہ گرکر تباہ ہونے کے بعد روس نے اپنی تمام پروازیں بند کر دی ہیں۔انھوں نے بتایا کہ اس فیصلے کے بعد مصر میں روس کے ہزاروں سیاح واپسی کے لئے متبادل وسیلے کے منتظر ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد ایک ہزار دوسو روسی سیاح وطن واپس آگئے لیکن اناسی ہزار سیاح اب بھی مصر سے واپس نہیں آسکے ہیں۔
روسی ذرائع نے محکمہ سیاحت کے سربراہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ مصر سے روسی سیاحوں کو واپس لانے کے لئے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے اور بہت جلد اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
اولیگ سفانوف نے بتایا کہ مصر سے روسی سیاح اپنے بیگ اور اٹیچیاں لے کے نہیں آسکیں گے۔ یادرہے کہ مصر میں روس کے مسافر طیارے کے حالیہ حادثے کے بعد ماسکو نے جمعے سے مصر کے سبھی ہوائی اڈوں کے لئے اپنی تمام پروازیں منسوخ کردی ہیں ۔